شاہدآفرید ی اور شعیب ملک کا سیز فائر کا خیرمقدم،افواجِ پاکستان کی بہادری کو سلام

سابق مازیہ ناز قومی کرکٹرز شاہد خان آفریدی اور شعیب ملک نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے افواج پاکستان کی بہادری کو سلام پیش کیا ہے۔

سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ٹویٹ میں امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ایک مثبت قدم ہے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ دنیا نے پاکستان کی امن کی دیرینہ خواہش دیکھی، اب وقت ہے کہ دہائیوں سے چلے آنے والے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ بات چیت کی جائے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری حقائق کا بغور جائزہ لینے کے بعد اپنا فیصلہ دے گی۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ بڑے بھاری دل کے ساتھ، میں ان تمام معصوم بچوں اور شہریوں کی جانوں پر بھی سوگوار ہوں جو کشیدگی میں اضافے کے باعث زندگیوں سے محروم ہوگئے۔

شاہد آفریدی نے پاک افواج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے پرعزم اور پرجوش جوانو، آپ کی کوششیں رائیگاں نہیں گئیں۔ پاکستان زندہ باد!

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پاک بھارت سیزفائر کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستانی مسلح افواج کی شجاعت اور قربانیوں کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں شعیب ملک نے کہا کہ ”گزشتہ چند دنوں کے دوران ہماری افواج نے جو جرات مندی اور حوصلے کی مثالیں قائم کیں، وہ الفاظ سے بالاتر ہیں۔“

یہ بھی پڑھیں:بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی،لائن آف کنٹرول پر آبادی پر شدید فائرنگ

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج کی امن کے لیے وابستگی نہ صرف قوم بلکہ دنیا بھر کے لیے باعثِ فخر ہے۔ شعیب ملک نے پیغام کا اختتام ”پاکستان زندہ باد“ کے نعرے سے کیا۔

Scroll to Top