وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواجِ پاکستان، سپہ سالار، اور تمام مسلح افواج کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ اتحاد اور یکجہتی کا مثالی مظاہرہ کیا ہے جو ہماری اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی اور یہی اتحاد کامیابی کی سب سے بڑی ضمانت بنا۔
حاجی گلبر خان نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا ہے جو مودی سرکار نسلوں تک یاد رکھے گی، بھارتی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنا کر ایک واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بہادر افواج نے عسکری تاریخ کا سنہری باب رقم کیا، وزیراعظم کا قوم سے خطاب
ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت حالیہ سیزفائر کو ایک خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، استحکام اور اچھے ہمسایہ تعلقات کی حمایت کی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت اب جارحیت، اشتعال انگیزی، اور دہشت گردی سے باز آئے گا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے قومی اتحاد، جذبہ قربانی اور یکجہتی کا کردار ناگزیر ہے۔





