ملک میں حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور سیز فائر کے بعد بھی فضائی آپریشن معمول پر نہیں آ سکا، اتوار کے روز بھی مختلف ایئرپورٹس سے 150 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق غیر یقینی صورتحال کے باعث درجنوں پروازیں متاثر ہوئیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر 45، لاہور میں 38 اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر 40 پروازیں آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کی گئیں۔ اس کے علاوہ ملتان سے 10، پشاور سے 11 اور سیالکوٹ سے 6 پروازیں روانہ نہ ہو سکیں۔ مجموعی طور پر منسوخ ہونے والی پروازوں میں 138 بین الاقوامی پروازیں بھی شامل تھیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام بڑے ایئرپورٹس سے فلائٹ آپریشن بحال کر دیا ہے۔ کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے اندرون و بیرون ملک پروازیں رفتہ رفتہ روانہ ہو رہی ہیں۔ قومی ایئرلائن کی خلیجی ممالک کے لیے شیڈول پروازیں آج جاری رہیں، جن میں کراچی سے مدینہ، اسلام آباد سے دبئی اور کوئٹہ کی پروازیں شامل ہیں
مزید یہ کہ لاہور سے مدینہ، دبئی، کراچی، باکو اور مشہد کے لیے پروازیں روانہ ہوئیں جبکہ بعض فلائٹس تاخیر کا شکار بھی ہوئیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائنز کی متعدد پروازیں منسوخی کی زد میں آئیں، تاہم بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ جزوی طور پر بحال ہے۔
ائیرپورٹس پر صورتحال قابو میں ہے، لیکن فلائٹ شیڈول کی مکمل بحالی میں وقت لگنے کا امکان ہے۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے قبل ایئرلائنز سے اپنی پروازوں کی تصدیق ضرور کر لیں۔





