پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے دشمن کی ہر سازش چاہے اندرونی ہو یا بیرونی کو ناکام بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ میں منعقدہ گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور ترقی سے جڑا ہے۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی پراکسی جنگ اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں رہی ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، آرمی چیف نے خبردار کیا کہ جو دشمن ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان میں تخریب کاری کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے جو امن و ترقی کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارتی پراکسی وار اب خفیہ کارروائیوں تک محدود نہیں رہی بلکہ کھلی جارحیت میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بھارت کی مداخلت کو بے نقاب کیا اور کہا کہ دشمن بلوچستان میں دہشتگرد گروہوں کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا فتنہ الہنددوستان جیسے گروہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں مگر ریاستی ادارے اور عوام کی مشترکہ قوت سے دہشتگردی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پرامن ملک ہے، جنگ نہیں چاہتے، جارحیت پر منہ توڑ جواب دیں گے، صدر اور وزیراعظم کا عزم
وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کے قبائلی عمائدین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ حکومت، فوج اور عوام مل کر اس خطے میں پائیدار امن یقینی بنائیں گے۔





