پشاور: آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی پلان تشکیل دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
پولیس سربراہ کی جانب سے صوبے بھر کی مویشی منڈیوں کے گرد سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ نوسر بازوں اور چوری کی وارداتوں کو روکا جا سکے۔
آئی جی پی نے ہوائی فائرنگ کو خاموش قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر خصوصی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔
عید کے اجتماعات سے قبل ممکنہ خطرات کے پیش نظر حساس علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ بازاروں، مارکیٹوں، خصوصاً خواتین کے خریداری مراکز میں سیکیورٹی کو مزید سخت بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جہاں باوردی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات کی جائیں گی۔
آئی جی پی نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری کی تعیناتی اور ٹریفک پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے عید الاضحی کی تعطیلات کا اعلان کردیا ، چھٹیاں کتنی ہیں ؟ جانئے
اس کے علاوہ تمام اضلاع میں ریسکیو 15 اور فوری رسپانس یونٹس کو متحرک کرنے اور عوام کو شر پسندوں کے خلاف متحرک کرنے کے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس سربراہ نے زور دیا کہ عوام کے تعاون سے ہی عیدالاضحی کے موقع پر امن و امان کی فضا کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔