پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے صوبے کے فنکاروں اور ہنرمندوں کے لیے 500 ملین روپے مالیت کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
اس کا اعلان انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں فنکاروں میں اعزازیہ چیکس تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ فنکار معاشرے کا آئینہ اور مثبت چہرہ ہوتے ہیں، جو اپنے فن کے ذریعے معاشرتی برائیوں کی نشاندہی کر کے اصلاح کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کو مواقع دیے بغیر ہم ان کی صلاحیتوں سے استفادہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ ساتھ فنکاروں نے بھی نمایاں قربانیاں دی ہیں، اور ان قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کا بجٹ 13 جون کو پیش کیا جائے گا،اعلامیہ جاری
وزیراعلیٰ نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فنکاروں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
تقریب کے دوران علی امین گنڈاپور نے مالی امداد سے مستفید ہونے والے فنکاروں کی تعداد دوگنا کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فن، ثقافت اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔





