ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، اس موقع پر چاروں صوبوں کے گورنرز، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے قوم کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایثار، اخوت، قربانی اور قومی اتحاد کے پیغامات جاری کیے۔
گورنر سندھ: ایثار اور وحدت کا پیغام
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید قربان ایثار، اخوت اور یکجہتی کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کی اصل روح تب ہی مکمل ہوتی ہے جب خوشیوں میں مستحقین کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے ملک میں امن، استحکام اور قومی وحدت کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
گورنر خیبرپختونخوا، انسانیت اور اتحاد کا دن
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، خلوص اور انسانیت کے جذبے کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ نادار اور غریب طبقے کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام امن، بھائی چارے اور رواداری کا مذہب ہے اور ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد رہنا چاہیے۔
گورنر پنجاب: شہداء کو یاد، نفرتوں کا خاتمہ ضروری
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں ان شہداء کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے ملکی سلامتی کے لیے جانیں قربان کیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غریبوں کا خیال رکھیں، نفرتوں کو ختم کریں اور محبتیں بانٹیں۔ انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔
چاروں صوبوں کے گورنرز کی عید الاضحی کی مبارکباد گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے کہا کہ عید قربانی محبت، ہمدردی اور رواداری کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنا اپنا مذہبی فریضہ سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ چین کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چین بلوچستان میں کان کنی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے، جس کے لیے پرامن اور سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔