پاکستان بھر میں حالیہ انسدادِ پولیو مہم میں 4 کروٹ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مکمل کر لیا گیا۔
وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی ) کا دورہ کیا، انسداد پولیو مہم کے تحت جاری اقدامات اور حالیہ پولیو مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حالیہ قومی پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بار بار ویکسینیشن ناگزیر ہے اور معمول کی حفاظتی ویکسین ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج میں بہتری کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے۔
وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہائی رسک ایریاز میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور ان بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے جو کسی وجہ سے ویکسین سے محروم رہ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی بجٹ میں خیبرپختونخوا کو نظرانداز کرنا ناقابلِ قبول ہے،سابق ایم پی اے
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم ملک کو پولیو فری بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔