اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی ہے سرمایہ کاروں میں بے چینی کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 2202 پوائنٹس کی بڑی کمی کے ساتھ نیچے آ گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 1,21,890 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جو گزشتہ روز کی بلند ترین سطح کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔
گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 2328 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1,24,352 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جو اب تک کی ایک بلند ترین سطح تھی۔
آج کی مندی کے برعکس ایک دن قبل بھی مارکیٹ 383 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1,22,024 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی جس نے سرمایہ کاروں کو مثبت توقعات دی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے ایران پر فضائی حملے، پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی شہید ہوگئے
گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 31 ارب 89 کروڑ 94 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 33 کروڑ 25 لاکھ 88 ہزار 686 شیئرز کا لین دین ہوا۔
خطے میں جاری کشیدہ سیاسی صورتحال اور جغرافیائی تناؤ کے باعث سرمایہ کاروں نے احتیاطی حکمتِ عملی اپناتے ہوئے بڑے پیمانے پر شیئرز فروخت کیے جس کا اثر مارکیٹ پر نمایاں طور پر ظاہر ہوا۔





