خیبر پختونخوا میں کانگو وائرس کیسز کی تعداد 9 ہوگئی، 3 افراد جان کی بازی ہارگئے

پشاور(سلمان یوسفزئی) خیبر پختونخوا میں کانگو وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق رواں سال اب تک کانگو وائرس کے 9 لیبارٹری سے تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 3 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

محکمہ صحت کی 20 جون 2025 کی رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے میں کانگو وائرس کے 3 فعال مریض زیر علاج ہیں جن میں 2 کیسز گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہوئے ہیں، اب تک 3 مریض مکمل طور پر صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور سے اب تک کانگو وائرس کے 3 کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں سے ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔ نوشہرہ اور کرک سے 2، 2 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کرک کا ایک مریض دم توڑ گیا۔

شمالی وزیرستان سے بھی ایک مریض رپورٹ ہوا جو جانبر نہ ہو سکا۔ باجوڑ سے ایک کیس سامنے آیا تاہم وہاں کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا ٹیکس ہدف میں ناکام، 170 ارب کے بجائے 111 ارب سرپلس بجٹ دیا،وفاق کی تشویش

صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کانگو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مربوط اقدامات جاری ہیں جبکہ تمام ضلعی ہیلتھ یونٹس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں خصوصی آئسولیشن وارڈز قائم کیے جا چکے ہیں اور مویشیوں کی نقل و حرکت پر بھی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

Scroll to Top