ایران نے قطر کے بعد شام اور عراق میں امریکی ائیر اڈوں پر میزائل داغ دیئے، غیر ملکی میڈیا

خبر رساں اداروں کے مطابق ایران نے قطر کے بعد عراق اورشام میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کیے ہیں، قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

رائٹرز نے ایکسئیوس کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایک اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ ایران نے قطر میں امریکی اڈوں کی جانب 6 میزائل داغے ہیں۔

دوسری جانب ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر نیوز ایجنسی کے مطابق ایران نے قطر کے علاوہ عراق میں بھی امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

برطانوی روزنامہ ٹیلی گراف کے مطابق مغربی حکام نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دوحہ کے نواح میں واقع العدید (Al-Udeid) بیس کو ایک ’ قابلِ یقین خطرے’ کا سامنا ہے۔

یہ بیس امریکی سینٹکام (CENTCOM) کا صدر دفتر ہے، اور برطانوی فوجی اہلکار بھی یہاں باری باری خدمات انجام دیتے ہیں، تاہم، حالیہ ہفتوں میں متعدد طیارے اس بیس سے منتقل کیے جا چکے ہیں، جیسا کہ سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق بحرین میں بھی سائرن بج رہے ہیں اور قطر میں العدید بیس پر حملے کے بعد عراق میں امریکی اڈوں پر موجود فوجی اہلکار پناہ گاہوں میں چلے گئے ہیں۔

ایران نے شام میں واقع امریکی فوجی اڈے پربھی حملہ کیا ہے جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شام کے مغربی الحسکہ صوبے میں امریکی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے، حملے کے فوراً بعد امریکی فوجی اڈے کے مرکزی داخلی راستے کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔

میڈیا سمیت کسی کو بھی امریکی فوجی اڈے کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جس کے باعث درست خبروں کا حصول مشکل ہوگیا ہے، تاحال حملے میں ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی اور نہ ہی کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

قبل ازیں رات گئے سے ہی ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ شام کی ایران نواز عسکری تنظیمیں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔

Scroll to Top