پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہوئے سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزے کی پابندی ختم کرنے کا اہم معاہدہ کر لیا ہے۔
یہ پیشرفت نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں سامنے آئی۔ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سفارتکاروں، سرکاری حکام اور خصوصی پاسپورٹ ہولڈرز کو ایک دوسرے کے ملک میں بغیر ویزا سفر کی سہولت حاصل ہوگی جس سے اعلیٰ سطحی روابط، سرکاری آمدورفت اور ادارہ جاتی تعاون میں حائل کاغذی عمل کو ختم کرنے اور باہمی امور کو تیزی سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
دستخطی تقریب کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “سعودی وزیر خارجہ اور میرے بھائی شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ مل کر اس معاہدے کو حتمی شکل دینا دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تاریخی اعتماد کا مظہر ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور استراتیجی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے خلاف این سی سی آئی اے میں مقدمہ درج
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی مجموعی صورتحال، اہم علاقائی و عالمی پیشرفت اور متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔





