انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک بڑا فضایی حادثہ پیش آ گیا ہے جہاں کارگو طیارہ رن وے سے اتر کر سڑک پر موجود گاڑیوں پر جا گرا۔
غیر ملکی خبر ایجنسے کے مطابق حادثے کے نتیجے میں طیارے میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بوئنگ 767-300 کارگو طیارے نے پورٹو ریکو کے لوئس میوز مارین انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پرواز بھری تھی، اور جب وہ میامی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترا تو وہ رن وے پر قابو نہ رہ سکا اور پھسل کر باہر نکل گیا۔
رن وے سے باہر آنے والا یہ طیارہ سڑک پر رواں دواں متعدد گاڑیوں سے جا ٹکرایا، جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ائیرپورٹ پر فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور تمام رن وے عارضی طور پر بند کر دیے گئے۔
فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس دوران کئی زخمیوں کو طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تاحال اس بات کا تعین نہیں ہو سکا کہ یہ حادثہ کس تکنیکی خرابی یا وجہ سے پیش آیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مناظر کی ویڈیوز اور تصاویر میں حادثے کے مقام سے اٹھتا ہوا گھنا سیاہ دھواں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔





