شاہ محمود قریشی اور یاسمین راشد سمیت دیگر اسیر رہنماؤں کا پارٹی لیڈر شپ کے نام خط، حکومت سے مذاکرات کی تجویز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسیر رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو حکومت سے مذاکرات کی تجویز پیش کی ہے۔

پی ٹی آئی کے قید رہنماؤں کی جانب سے پارٹی قیادت کے نام ایک کھلا خط لکھا گیا ہے۔ اس خط میں حکومت سے مذاکرات پر زور دیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ مذاکرات کا آغاز اس وقت تک نہ کیا جائے جب تک عمران خان سے ملاقات نہ ہو جائے۔

یہ خط پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، سابق وزرا میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے۔

خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ملک اس وقت تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے اور اس سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات نہ صرف سیاسی سطح پر ضروری ہیں بلکہ مقتدر حلقوں کے ساتھ بھی ان کا انعقاد ناگزیر ہے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا آغاز سیاسی سطح سے کیا جائے اور تحریک انصاف لاہور کے اسیر رہنماؤں کو اس عمل میں شامل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :وفاقی حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹورز کو 10 جولائی سے مکمل بند کرنے کا فیصلہ

مزید یہ کہ مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کے لیے بانی چیئرمین عمران خان تک رسائی ممکن بنائی جائے تاکہ پارٹی قیادت مشاورت کا دائرہ وسیع کر سکے، اور یہ ملاقاتوں کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رکھا جا سکے۔

Scroll to Top