خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد رواں سال 2025 میں ملک بھرمیں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی ) کے مطابق نیا کیس شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوا جہاں 19 ماہ کے بچے میں وائلڈ پولیو وائرس (WPV1) کی تصدیق ہوئی ہے۔
این ای او سی کے مطابق 2025 میں اب تک خیبرپختونخوا سے 8، سندھ سے 4، پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔
پولیو کیسز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر شمالی وزیرستان کی 11 یونین کونسلز میں جلد ایک خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :شاہ محمود قریشی اور یاسمین راشد سمیت دیگر اسیر رہنماؤں کا پارٹی لیڈر شپ کے نام خط، حکومت سے مذاکرات کی تجویز
این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس مہلک بیماری سے تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہےکہ پانچ سال سے زائد عمر کے بچوں میں پولیو کیسز آنے کے بعد پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ابتدائی طور پر کراچی، پشاور، لاہور اور جنوبی خیبر پختونخوا میں 15 سال کے بچوں کو انسداد پولیو مہم میں شامل کیا جائے گا، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے نئی ڈیڈ لائن دسمبر 2026 ہے۔





