پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے تحفظات کے پیش نظر خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس افسر خان زیب مہمند کی بطور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا کے دفتر سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق گریڈ 18 کے پی ایس پی افسر خان زیب مہمند کو 27 جون کو ڈی پی او صوابی تعینات کیا گیا تھا۔ ان کی خدمات وفاقی حکومت نے حال ہی میں خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کی تھیں۔
تاہم خیبرپختونخوا پولیس نے اس فیصلے پر کوئی سرکاری مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خان زیب مہمند نے ماضی میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے خلاف سخت اقدامات کیے تھے، جس پر پارٹی کارکنوں کو تحفظات تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے فوری نوٹس لیا اور خان زیب مہمند کی تعیناتی معطل کر دی گئی۔





