وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ وہ عدالت کے سامنے سرینڈر کریں گے جہاں ان کے خلاف آئی-9 تھانے میں درج ایک مقدمے میں کارروائی جاری ہے۔
نجی ٹی وی چینل(ایکسپریس نیوز) کے مطابق علی امین گنڈا پور کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کی جانب سے عدم پیشی پر اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے ان کی مسلسل غیر حاضری کو بنیاد بنا کر انہیں اشتہاری قرار دیا، جس کے بعد اب وہ باقاعدہ طور پر عدالت میں پیش ہوں گے۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کریں گے، جہاں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں سینیٹر فیصل جاوید، واثق قیوم سمیت متعدد افراد کے خلاف بھی مقدمے کا ٹرائل جاری ہے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ اسلام آباد کے آئی-9 تھانے میں درج کیا گیا تھا، جس میں مختلف سیاسی رہنماؤں پر دہشتگردی، ریاستی اداروں پر حملے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزامات شامل ہیں۔
عدالتی ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور کی پیشی کے بعد ان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کا حکم واپس لیے جانے اور ممکنہ ضمانت کی درخواست کا امکان بھی موجود ہے۔





