حکومت گرانے کی گونج پر پی ٹی آئی کا مولانا سے رابطہ، دوٹوک جواب مل گیا

حکومت گرانے کی گونج پر پی ٹی آئی کا مولانا سے رابطہ، دوٹوک جواب مل گیا

مخصوص نشستوں کے عدالتی فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا میں حکومت گرانے کی افواہوں کے پیش نظر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سیاسی رابطوں کا آغاز کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کر کے خیبرپختونخوا میں ممکنہ سیاسی بحران کے پیش نظر ان کا تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم مولانا فضل الرحمان نے واضح طور پر صوبائی حکومت کے معاملات میں دلچسپی لینے سے انکار کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل (سما) کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’’ہمیں نہ خیبرپختونخوا حکومت گرانے میں دلچسپی ہے اور نہ بچانے میں۔ نہ ہی ہم وفاق یا صوبے میں حکومت سازی کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔‘‘

انہوں نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے، صوبے میں کرپشن، امن و امان کی خراب صورتحال اور بدانتظامی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ مولانا کا کہنا تھا کہ ’’اب پی ٹی آئی قیادت خود فیصلہ کرے کہ ایسے حالات میں صوبائی حکومت کو چلانا درست ہے یا نہیں۔‘‘

واضح رہے کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد صوبے میں پی ٹی آئی حکومت کے عددی اکثریت سے محروم ہونے کی چہ میگوئیاں جاری ہیں، جس کے تناظر میں سیاسی جماعتوں کے درمیان خفیہ و علانیہ رابطے شروع ہو چکے ہیں۔

Scroll to Top