پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سوات کے دورے کو متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ سوات میں حالیہ سانحے کے دوران عوام جان کے خطرے سے دوچار رہے، لیکن اس وقت ہیلی کاپٹر مہیا نہیں کیا گیا۔
تاہم اب حکومتی وزرا کے تصویری دوروں کے لیے ہیلی کاپٹر دستیاب ہے، جو متاثرین کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوات سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو نظر انداز کر کے فضائی دورے کیے جا رہے ہیں۔ حکومت مرہم رکھنے کے بجائے نمود و نمائش میں مصروف ہے۔
ڈاکٹر عباد اللہ کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر عوام کی خدمت کے بجائے اقتدار کی خدمت میں استعمال ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں بھی اضافہ
اپوزیشن لیڈر نے سوات واقعے پر حکومت کی کارکردگی کو ناقابل معافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تماشائی بنی رہی جبکہ عوام مشکلات میں گھری رہی۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کے ساتھ ہمدردی کی جائے نہ کہ صرف فوٹو سیشن کیے جائیں۔





