پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے محرم الحرام کے سلسلے میں کوہاٹی سپریم کمانڈ پوسٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ محرم تمام مسلمانوں کے لیے عقیدت، صبر اور حق کے ساتھ کھڑے ہونے کا درس دیتا ہےلہٰذا ہر مسلمان کا فرض ہے کہ اس مہینے کو پورے احترام و تقدس کے ساتھ منائے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے بھر میں محرم کے دوران تقریباً دس ہزار مجالس اور ایک ہزار کے قریب عاشورہ کے جلوس منعقد ہوتے ہیں جن کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کو موثر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں جہاں مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے،ایک بڑا مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جو پورے صوبے کے سیکیورٹی امور کی نگرانی کر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت 36 ہزار سے زائد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں۔
انہوں نے ان تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا جو گرمی کے باوجود اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ریسکیو 1122 اور ٹی ایم اے کی ٹیمیں بھی ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو کے نظام میں جو کمی تھی، اس پر کام جاری ہے اور تمام ضروری وسائل متعلقہ اداروں کو فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے سوات سانحہ کا ذکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔
تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی سیاسی یا انتقامی بنیاد پر نہیں کیا جا رہا بلکہ بلاامتیاز تمام افراد پر لاگو ہوگا اور جو بھی اس کی زد میں آئے گا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو مسائل یا نقصانات سامنے آئیں گے، حکومت ان کا ازالہ کرے گی اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔





