بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ سیریز 2026 تک ملتوی

بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان اگلے ماہ ہونے والی 6 میچوں پر مشتمل وائٹ بال سیریز 2026 تک ملتوی کر دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ سیریز 17 اگست سے ڈھاکا میں شروع ہونی تھی، جس میں تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچز شامل تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ایک عوامی بغاوت کے نتیجے میں سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاسی تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے باہمی رضامندی سے اس سیریز کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ دونوں ٹیموں کی عالمی کرکٹ مصروفیات اور شیڈول کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

Scroll to Top