سانحہ کربلا صبر ، استقامت اور حق پر ڈٹ جانے کی مثال ہے ، علی امین گنڈاپور

سانحہ کربلا صبر ، استقامت اور حق پر ڈٹ جانے کی مثال ہے ، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ کربلا صبر ، استقامت اور حق پر ڈٹ جانے کی مثال ہے ۔

عاشورہ محرم کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا حق وباطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا ، کربلا میں نواسہ رسول اما م عالی مقام حضرت امام حسین ؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال اور بے مثال قربانی پیش کیں ، کربلا کا واقعہ ہمیں ایثار، قربانی ، حق کی حمایت ، باطل کی مخالفت اور ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امام حسین ؓ کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کرسکتے ہیں ، سانحہ کربلا تاریخ کے نااہل حکمرانوں کے ظلم وبربریت پر مبنی ایک واقعہ ہے ، کربلا کے واقعے میں پوری انسانیت کیلئے عظیم درس پوشیدہ ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام یزیدی ظلم و جبر کیخلاف حق کے علمبردار تھے ، امام حسین ؓ نے ظالم وجابر حکمرانوں اور ان کی انسانیت دشمن پالیسیوں کیخلاف اُٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا، امام حسین ؓ نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دیکر حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں ۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ظلم ولاقانونیت کیخلاف متحد ہو جائیں ، اس مقدس مہینے میں مسلکی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اشد ضرورت ہے ،تمام مکاتب فکر کے علما اور عوام فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

Scroll to Top