صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ ہمیں قربانی ، حق گوئی اور عزم صمیم کا پیغام دیتا ہے ۔
یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے جانثار رفقا کی عظیم شہادت کی یاد دلاتا ہے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ واقعہ کربلا باطل کیخلاف ایک ابدی جدوجہد کی علامت ہے ، امام عالی مقام کی شہادت ایک الٰہی مشن تھا جس کی بنیاد صداقت ، عدل اور خدا کی رضا تھی ۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلا ضمیر ، کردار اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا ، امام حسین ؓ کا عظیم پیغام اصولوں پر ڈٹ جانے ، ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے کاہے ۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ آج ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں ہمیں بطور قوم حسینی کردار کی ضرورت ہے ، ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو امام حسین ؓ کے پیغام حریت اور عدل کا مظہر بنائیں گے ۔





