پشاور،سست روی کے شکار منصوبوں کے فنڈز منجمد یا فعال منصوبوں کو منتقل کئےجاسکتے ہیں،ترقیاتی بجٹ پالیسی ریلیز جاری

(محمداعجازآفریدی) خیبر پختونخوا حکومت کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے مالی سال 2025-26 کے لیے ترقیاتی بجٹ کی ریلیز پالیسی جاری کر دی ہے۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام کے نام جاری کردہ مراسلے کے مطابق صوبے کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے فنڈز مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے تاکہ بجٹ کے شفاف اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی جانب سے رواں مالی سال کے لئے جاری ریلیز پالیسی میں کہا گیا ہے کہ جاری اسکیموں کے لیے پہلے کوارٹر میں 20 فیصد فنڈز جاری کیے جائیں گے، جب کہ دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں 25، 25 فیصد اور بقیہ 30 فیصد فنڈز چوتھے کوارٹر میں جاری کیے جائیں گے، جو وسائل کی دستیابی سے مشروط ہوں گے۔

نئی اسکیموں کے لیے فنڈز متعلقہ شعبہ جات کی سفارش اور ایڈمنسٹریٹو اپروول کے بعد جاری کیے جائیں گے۔ اسی طرح، اے ڈی پی 2025-26 میں آر اسٹیٹس والی اسکیموں کے لیے فنڈز نوٹیفائیڈ منظوری کی بنیاد پر فراہم کیے جائیں گے۔

پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ مالی سال کے ابتدائی دو سہ ماہیوں میں کسی بھی سیکٹر کے اندر فنڈز کی دوبارہ تقسیم کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم، دو سہ ماہیوں کے بعد محکمہ جات کی سفارش پر فنڈز کی منتقلی کی اجازت ہو گی۔

رواں مالی سال کے جاری اخراجات سے متعلق جاری پالیسی میں تمام انتظامی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ SAP سسٹم پر بجٹ کا اندراج مکمل کریں،50 فیصد بجٹ فنڈز ابتدائی طور پر جاری کیے جائیں گے، تنخواہوں، پنشن، یوٹیلیٹی بلز، ادویات، خوراک، قیدیوں کے اخراجات، سکالرشپ، امتحانی فیس، اور لازمی خدمات کے اخراجات ترجیحی بنیادوں پر جاری ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخواحکومت نے نئی اسامیوں کی تخلیق اور گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگادی

پالیسی میں کہا گیاہے کہ تمام ریلیزز SAP سسٹم کے ذریعے ہی کی جائیں گی پالیسی میں غیر ضروری اخراجات کی روک تھام، بجٹ کے ضیاع سے بچاو، اور کارکردگی پر مبنی فنڈنگ پر زور دیا گیا ہے جبکہ سست روی کے شکار منصوبہ جات کے فنڈز منجمد یا دوسرے فعال منصوبوں کو منتقل کیے جا سکتے ہیں۔

Scroll to Top