کوالالمپور :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ملائیشیا کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے لیے مثبت اور حوصلہ افزا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی معاشی تعاون کو فروغ دینے، تجارتی روابط کو وسعت دینےاور علاقائی ترقی میں مشترکہ کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ گفتگو میں اتفاق کیا گیا کہ موجودہ عالمی اقتصادی حالات میں قریبی تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بنیان مرصوص میں دشمن کو گھس کر مارا، اب ٹیکنالوجی کی جنگ ہے، رانا مشہود
اس موقع پر اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام بھی انور ابراہیم تک پہنچایا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔





