پشاور،3.73 ارب روپے کا مالیاتی اسکینڈل،عدالت کا بڑا حکم جاری

کامران علی شاہ

احتساب عدالت پشاور نے نجی لینڈ مارکیٹنگ کمپنی کے نام پر اربوں روپے ہڑپنے کے اسکینڈل میں گرفتار ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 6 روز کی توسیع کردی۔

پشاور کی احتساب عدالت میں نجی لینڈ مارکیٹنگ کمپنی کے نام پر اربوں روپے ہڑپنے کے اسکینڈل میں گرفتار ملزم کو پیش کر دیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج حامد مغل نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ اور تفتیشی افسر بھی عدالت میں موجود تھے۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم عبد الوحید بٹ نے نجی لینڈ مارکیٹنگ کے نام پر سادہ لوح عوام سے بھاری رقوم بٹوریں۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم نے 1616 افراد سے 3 ارب 73 کروڑ روپے وصول کیے۔ متاثرہ افراد کی جانب سے نیب میں شکایات درج کرائی گئیں جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش بعض اہم انکشافات بھی کیے ہیں اور مزید تفتیش کی ضرورت ہے، اس لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چھ دن کی توسیع کر دی اور ملزم کو دوبارہ نیب کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

Scroll to Top