پشاور: پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 14 سے 17 جولائی کے دوران شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم کے مطابق اس دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہنگو اور کرم اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان اضلاع کے مقامی و برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، ساتھ ہی پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ریسکیو 1122 اور امدادی ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور پیشگی دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔
مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے، ندی نالوں اور ڈرینج سسٹم کی صفائی کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ اربن فلڈنگ سے بچا جا سکے،کسانوں کو اپنی فصلوں کی جلد کٹائی اور انہیں محفوظ جگہوں پر ذخیرہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،مویشی پال حضرات کو بھی مویشیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
قومی و صوبائی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے اور متبادل راستے اختیار کرنے کا کہا گیا ہےجب کہ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے دوران محفوظ جگہوں پر پناہ لیں۔
پی ڈی ایم کی جانب سے ایمرجنسی سروسز کی دستیابی اور عملے کی تیاری کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے،تمام اداروں کو کہا گیا ہے کہ موسمی الرٹس کو مقامی زبانوں میں عوام تک پہنچایا جائے۔متعلقہ اداروں کو متبادل روٹس اور ٹریفک کے بہاؤ کو مؤثر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں عدم اعتماد کی بات نہیں کی،پی ٹی آئی کے اندر تبدیلی لانے کی بات کی ہے،مولانا فضل الرحمان
الرٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دے سکتے ہیں۔





