پی ٹی آئی نے قومی ایئرلائن کو نقصان پہنچایا، ہم نے بحالی کی راہ ہموار کی، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) پر یورپی ممالک کی جانب سے عائد پابندیاں پی ٹی آئی حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے لگائی گئی تھیں جس سے قومی ایئرلائن کو شدید نقصان پہنچا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران پی آئی اے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور یہ ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، شکر ہے کہ ہماری حکومت کے دور میں یہ پابندیاں ختم ہوئیں، وزیر اعظم اور وزیرِ ہوابازی نے اس مسئلے پر خصوصی توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی فضائی آپریشن کی بحالی لاکھوں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت ہے، یوکے کے بعد دیگر یورپی ممالک کے لیے بھی پروازیں بحال ہو رہی ہیں۔

عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا میں گورننس کے معیار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت چلانے کا انداز نااہلی کی انتہا ہے، وہاں کرپشن اور بدانتظامی اپنے عروج پر ہے، دریائے سوات جیسے سیاحتی مقامات پر حکومت سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بھی ناکام رہی۔

عطا تارڑ نے شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو بند کرنے کے عمل پر بھی بات کی اور کہا کہ کافی عرصے سے اس کمپنی کی بندش کا پراسس جاری ہے جس کے باعث ملازمین کے روزگار کو خطرہ لاحق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ کا مخصوص نشستوں سے متعلق تحریری فیصلہ جاری

انہوں نے کہا کہ عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے کہ کمپنی بند نہ کی جائے بلکہ اسے بحالی کا موقع دیا جائے، ہم نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کمپنی کا بزنس پلان تیار کیا جا رہا ہے جسے عدالت میں جمع کروایا جائے گا تاکہ ادارہ دوبارہ فعال ہو سکے۔

Scroll to Top