پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے ناراض امیدواروں کو کاغذات واپس لینے کا حکم دے دیا

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ انتخابات سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کے ناراض امیدواروں، بشمول عرفان سلیم، کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہدایت تھی کہ سینیٹ انتخابات کے مقابلہ یا بلامقابلہ ہونے کا فیصلہ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کرے گی، جس نے مشاورت کے بعد بلامقابلہ انتخاب کو ترجیح دی۔ اس فیصلے کا مقصد سینیٹ انتخابات میں روایتی خرید و فروخت کے عمل کا خاتمہ ہے۔

سیاسی کمیٹی نے پارلیمانی پارٹی کے فیصلے کی کثرت رائے سے تائید کی اور بقیہ امیدواران کے کاغذات واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا خان آفریدی اور پیر نورالحق قادری بلامقابلہ منتخب ہوں گے، جبکہ خواتین کی نشست پر روبینہ ناز، اور ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم خان سواتی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوں گے۔

ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشعال یوسفزئی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ تمام ناموں کی توثیق پارٹی کی سیاسی اور پارلیمانی کمیٹی نے کر دی ہے۔

Scroll to Top