شگر/گلگت بلتستان: دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کے بیس کیمپ کے قریب پیش آنے والے برفانی تودے کے حادثے میں ایک مقامی ہائی پورٹر جاں بحق جبکہ تین غیر ملکی کوہ پیما زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر شگر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوہ پیماؤں کی ٹیم بیس کیمپ کی طرف واپسی پر تھی کہ اچانک برفانی تودہ آ گرا۔
تودہ گرنے سے مقامی ہائی پورٹر موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ تین غیر ملکی کوہ پیما زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر روانہ کر دیا گیا ہے، تاہم خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہائی پورٹر کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔
ادھر انتظامیہ نے علاقے میں موجود دیگر کوہ پیماؤں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ موسم کی صورت حال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔





