اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ پہلے 5 اگست کی تیاری کرے، ہم اپنی تیاری بعد میں کریں گے۔
یہ بات انہوں نے وزارت داخلہ میں بیٹ رپورٹرز سے ملاقات کے دوران کہی۔محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی کو پہلے بی کلاس فورس سمجھا جاتا تھا، مگر اب اس کی تنخواہوں، مراعات اور شہداء پیکج میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سے ہر غیر قانونی شخص کو ملک بدر کیا جائے گا، صرف افغان نہیں بلکہ ہر وہ شخص جس کے پاس درست ویزا نہیں ہوگا۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کو ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کے اسٹرکچر میں کوئی مسئلہ ہو تو ہم ذمہ دار ہیں۔ بارش کی وجہ سے سڑک نہیں بیٹھی بلکہ سوئی گیس والوں کی کھدائی سے مسئلہ پیدا ہوا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ریکارڈ بارش کے باوجود اسلام آباد میں کہیں پانی جمع نہیں ہوا اور آئندہ میگا ترقیاتی منصوبے 30 دنوں سے بھی کم عرصے میں مکمل کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے گرین ایریا میں اضافے کا اعلان بھی کیا۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ڈونلڈ ٹرمپ اور آرمی چیف کی ملاقات میں پی ٹی آئی بانی سے متعلق کوئی بات ہوئی؟ تو انہوں نے کہا کہ کچھ باتوں پر خاموشی بہتر ہوتی ہے، اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت 10 مئی کا سبق یاد رکھے، فتنہ ہو یا دہشتگردی، پیچھے بھارت ہے، خواجہ آصف
صدر کی تبدیلی سے متعلق افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ صرف پراپیگنڈا ہے، صدر آصف علی زرداری اپنی مدت پوری کریں گے، اللہ انہیں زندگی دے۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ 40 ہزار زائرین کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، اور ایران و اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ آرمی چیف اور وزیر اعظم نے اہم کردار ادا کیا، تاہم اسرائیل کے ساتھ ہمارا کوئی براہ راست رابطہ نہیں تھا۔





