مانچسٹر:بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کا 19 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری بنائی، جو ان کی اس 5 میچز کی سیریز میں چوتھی سنچری تھی۔
اس شاندار کارکردگی کے دوران انہوں نے انگلینڈ کی سرزمین پر ایک ہی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایشین بلے باز کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
شبمن گل نے 4 میچز میں مجموعی طور پر 722 رنز اسکور کیے، جو انگلینڈ کی زمین پر کسی بھی ایشین بیٹر کی جانب سے ایک ہی سیریز میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے محمد یوسف کے نام تھا، جنہوں نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف 4 میچز میں 631 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ اتوار کو انگلینڈ اور بھارت کے درمیان مانچسٹر میں کھیلا گیا سیریز کا چوتھا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ اس سے پہلے میزبان انگلش ٹیم کو بھارت کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔
شبمن گل کی یہ کارکردگی بھارتی کرکٹ کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے اور ان کی بلے بازی کو کرکٹ شائقین کی طرف سے زبردست سراہا جا رہا ہے۔





