25 جولائی تک شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور گلوف ایونٹس کا خطرہ، این ڈی ایم اے کی وارننگ

بارشوں کے باعث کون سے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے؟ تفصیلات جانیں

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے۔

اس کے بعد ملک میں بارشوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 279 ہو چکی ہے، جبکہ 676 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں سے 6 کا تعلق پنجاب، ایک خیبرپختونخوا اور ایک گلگت بلتستان سے ہے، جب کہ زخمی ہونے والے تمام 21 افراد پنجاب سے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں اب تک سب سے زیادہ 151 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 536 زخمی ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 64 افراد جاں بحق اور 80 زخمی، سندھ میں 25 ہلاکتیں اور 40 زخمی، بلوچستان میں 20 ہلاکتیں اور 4 زخمی، گلگت بلتستان میں 9 ہلاکتیں اور 4 زخمی، آزاد کشمیر میں 2 ہلاکتیں اور 10 زخمی، جبکہ اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے 362 گھروں کو نقصان پہنچا اور 7 مویشی ہلاک ہوئے، جس کے بعد مجموعی طور پر 1,553 گھروں کو نقصان اور 374 مویشی ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی اپیل کی ہے۔

Scroll to Top