ازبکستان میں جاری ورلڈ انڈر-19 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنی شاندار فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے عالمی نمبر 13 پیورٹو ریکو کو 0-3 سے شکست دے دی۔ یہ پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔
پیر کے روز کھیلے گئے میچ میں عالمی رینکنگ میں 19ویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم نے طاقتور حریف پر مکمل برتری قائم رکھی۔ میچ کا اسکور 25-20، 25-20 اور 25-15 رہا، جس میں پاکستان نے ہر سیٹ میں واضح برتری سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کی فتح میں یحییٰ، عرفان، اجمل اور سعود نے کلیدی کردار ادا کیا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اس جیت کے ساتھ گرین شرٹس نے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ مزید مستحکم کر لی ہے۔
پاکستان اپنا گروپ مرحلے کا آخری میچ آج ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گا۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی مکمل فارم میں ہیں اور اگلے مرحلے کے لیے پُرعزم ہیں۔





