پشاور : پشاور کے نواحی علاقے دائودزئی میں عیسیٰ خیل شبقدر روڈ پر نامعلوم افراد نے ایک چلتی موٹر کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ دائودزئی کی حدود میں پیش آیا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ مقتولین میں فضل امین عرف یارباش ولد فضل سبحان، ساکن تارو جبہ شامل ہے، جو ماضی میں اجرتی قاتل کے طور پر جانا جاتا تھا اور مختلف تھانوں کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ دیگر دو مقتولین میں ایک کا نام شہریار بتایا گیا ہے، جبکہ تیسرے شخص کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے پیچھے ذاتی دشمنی یا ٹارگٹ کلنگ کا عنصر ہو سکتا ہے۔ مزید یہ بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر مقتولین کو کہیں اور قتل کر کے موقع پر لایا گیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ لائیوسٹاک کی 80 گاڑیاں لاپتہ ہونے کا دعویٰ گمراہ کن ہے، فضل حکیم خان
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔





