شراب برآمدگی کیس میں بڑی پیش رفت، علی امین گنڈاپور گرفتاری سے بچ گئے،عدالت سے اہم خبر آگئی

شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے پولیس کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کی ضلعی عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

نجی ٹی و ی چینل (جیو نیوز)کیمطابق سماعت کے دوران وزیراعلیٰ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد کی عدالت نے 21 جولائی تک گرفتاری کا حکم دیا تھا، تاہم یہ حکم مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد موصول ہوا۔ وکیل نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور عدالتی کارروائی کا احترام کرتے ہیں اور پہلے بھی عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں، اور اب بھی پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بظاہر ملزم عدالت سے راہ فرار اختیار نہیں کر رہا، لہٰذا گرفتاری کی ضرورت نہیں بنتی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

یہ فیصلہ سیاسی و قانونی حلقوں میں خاصی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے، جس کے اثرات آئندہ دنوں میں واضح ہوں گے۔

Scroll to Top