محکمہ موسمیات کی ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ جاری کردہ تازہ موسمی ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں رات کے اوقات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، مردان، صوابی، پشاور، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ٹانک میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، لاہور، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خوشاب کے بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں رات کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم عمرکوٹ، تھرپارکر، سانگھڑ، مٹھی اور میرپور خاص میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وہاں بھی رات کے وقت موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ بارکھان، موسی خیل، لورالائی، خضدار اور آواران کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔ مری، گلیات اور دیگر بلند علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر سے قبل موسمی صورت حال سے باخبر رہیں۔

Scroll to Top