خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں حالیہ دنوں ہونے والی وقفے وقفے سے تیز بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوںکے پھٹنے کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع اور محکموں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات رپورٹ کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر، سوات اور کوہستان اپر کے علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث ان علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کریں، بروقت وارننگ سسٹمز فعال رکھیں اور انخلاء کی مشقیں مکمل تیار حالت میں رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
سیاحوں اور مقامی افراد کو ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں یا دیگر سواری لے جانے سے اجتناب کی سختی سے ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے متبادل مقامات مختص کر دیے ہیں جبکہ ہنگامی امدادی سامان، ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ ادارے بھی الرٹ کر دیے گئے ہیں۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO)، اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے پیشگی اقدامات کرنے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔





