تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
پولنگ کا آغاز اسمبلی اسپیکر بابر سلیم سواتی کے پہلے ووٹ کاسٹ کرنے سے ہوا۔ انتخابی عمل شروع ہونے سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی، جسے سیاسی ماحول میں غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف نے اس نشست پر مشعال یوسفزئی کو بطور امیدوار نامزد کیا ہے، جبکہ پارٹی کی ہی دوسری رہنما صائمہ خالد نے دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ کر کے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا ہے۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ثوبیہ شاہد، جے یو آئی (ف) کی طرف سے شازیہ اور آزاد امیدوار کے طور پر مہتاب ظفر بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں کل اراکین کی تعداد 145 ہے، جن میں تحریک انصاف اکثریتی جماعت ہے۔ انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو رہا ہے، اور اسمبلی کے اندر موبائل فون لانے پر پابندی عائد ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی اندرونی تقسیم اور اپوزیشن جماعتوں کی حکمت عملی اس نشست کے نتائج پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ نشست ثانیہ نشتر کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی، جنہوں نے چند ماہ قبل پارٹی اور سینیٹ کی رکنیت سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔





