ریسکیو 1122 سوات نے دریاؤں اور آبی مقامات پر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر واٹر ریسکیو کیمپس قائم کر دیے ہیں۔
ریسکیو کیمپس بحرین، مٹہ، خوازہ خیلہ، چارباغ، بائی پاس فضاگٹ، کبل کل جبہ، اور بریکوٹ میں قائم کیے گئے ہیں جہاں تربیت یافتہ اور تجربہ کار غوطہ خوروں کی ٹیمیں 24 گھنٹے ایمرجنسی رسپانس کے لیے تعینات ہیں۔
کیمپس میں جدید واٹر ریسکیو آلات فراہم کیے گئے ہیں جن میں بوٹس، لائف جیکٹس، واٹر پروف وائرلیس سیٹس، فرسٹ ایڈ کٹس اور وارننگ بورڈز شامل ہیں، اس کے علاوہ مقامی سطح پر تربیت یافتہ غوطہ خوروں کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ مقامی جغرافیائی حالات کے مطابق فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو اہلکار نہ صرف ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں بلکہ عوام اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر، خطرناک مقامات سے اجتناب اور بچوں کی نگرانی کے حوالے سے شعور و آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ سوات: لاپتہ بچے عبداللہ کی لاش برآمد، لواحقین نے تصدیق کرلی
ریسکیو 1122 سوات کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دریاؤں یا آبی مقامات پر موجودگی کے دوران احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔