محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور بارش گرج چمک کے ساتھ ہوگی، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں معمول سے تیز ہواؤں کے ساتھ سمندری ہواؤں کا بھی زور ہوگا اور ہلکی بوندا باندی یا بارش کا بھی امکان ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔
تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار کر دیا ہے اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔