سندھ میں ممکنہ شدید بارشیں، صدر مملکت کا تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سندھ میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر صوبائی، ضلعی اور بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر شہری علاقوں، خصوصاً نشیبی اور ساحلی مقامات پر پیشگی انتظامات یقینی بنائے جائیں، انہوں نے حب ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھنے کی بھی ہدایت دی۔

صدر مملکت نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، ساتھ ہی متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ عوام کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کے لیے مکمل انتظامات کیے جائیں۔

صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر ریلیف مشینری اور عملہ ہمہ وقت مستعد رہے، میڈیا اور مقامی انتظامیہ عوامی آگاہی مہم میں بھرپور اور متحرک کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں تباہی مچانے والے سیلابی ریلے سندھ میں داخل، پانی کی سطح بلند

صدر آصف علی زرداری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top