پنجاب کے مختلف علاقوں سے اٹھنے والے سیلابی ریلے اب سندھ کی حدود میں داخل ہو چکے ہیں، جس کے باعث دریائے سندھ اور صوبے کے مختلف بیراجوں پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
فلڈ کنٹرول حکام کے مطابق گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد تقریباً 3 لاکھ 91 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 62 ہزار کیوسک کے قریب ہے، سکھر بیراج پر پانی کی آمد تقریباً 3 لاکھ 24 ہزار کیوسک رہی۔
پراونشل فلڈ مانیٹرنگ سیل کا کہنا ہے کہ تریموں اور پنجند سمیت دیگر مقامات پر بھی پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تریموں بیراج پر پانی کی آمد و اخراج 5 لاکھ 26 ہزار کیوسک، جبکہ پنجند بیراج پر یہ بہاؤ 4 لاکھ 89 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گڈو بیراج پر آمد 3 لاکھ 90 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 62 ہزار کیوسک ہے جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 24 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک کے قریب رہا، کوٹری بیراج پر بھی پانی کی آمد 2 لاکھ 44 ہزار اور اخراج تقریباً 2 لاکھ 31 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سکھر روہڑی کا تاریخی پل فی الوقت معمول کے مطابق پانی کو گزار رہا ہے، حفاظتی اقدامات کے طور پر نشیبی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیلابی ریلا شدت اختیار کرگیا،بھارت نے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 11 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔





