انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی 9 مئی کے مقدمات میں دائر ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز) کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے تھانہ شادمان اور راحت بیکری جلاؤ گھیراؤ کیسز میں ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ دونوں مقدمات میں فیصلے سنا دیے گئے ہیں، لہٰذا درخواستیں غیر مؤثر ہو چکی ہیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ چونکہ ملزمہ کو دونوں مقدمات میں پہلے ہی دس، دس سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے، اس لیے اب ضمانت کی درخواستوں پر مزید کارروائی کی گنجائش باقی نہیں رہی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے 9 مئی واقعات سے متعلق دونوں مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ تاہم عدالت کی جانب سے اب یہ درخواستیں ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ مذکورہ مقدمات 9 مئی 2023 کو پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی ملک گیر ہنگامہ آرائی کے تناظر میں درج کیے گئے تھے، جن میں متعدد پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔





