کویت نےاہلخانہ کو وزٹ ویزے پر بلانے کیلئے اہم شرط ختم کردی

کویت نے غیر ملکی رہائشیوں کے لیے اپنے اہل خانہ کو وزٹ ویزے پر بلانے کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے کم از کم آمدنی کی شرط ختم کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد خاندانی روابط کو مزید مضبوط بنانا اور ملک میں ویزہ پالیسی کو لچکدار بنانا ہے۔

جنرل ریزیڈنسی ڈیپارٹمنٹ کے الیکٹرانک سروسز ایڈمنسٹریشن کے کرنل عبدالعزیز الکندری کے مطابق، برسوں سے لاگو اس شرط کو ختم کر دیا گیا ہے جس کے تحت غیر ملکیوں کو اپنے رشتہ داروں کو بلانے کے لیے مخصوص تنخواہ کی حد پوری کرنا ضروری تھا۔ اب ہر وہ فرد جو قانونی طور پر کویت میں مقیم ہے، وہ اپنی آمدنی کی سطح سے قطع نظر اپنے اہلِ خانہ کو وزٹ پر بلا سکتا ہے۔

نئی پالیسی میں وزٹ ویزہ کے اہل رشتہ داروں کی فہرست بھی وسعت دی گئی ہے۔ اب چوتھی ڈگری تک کے قریبی رشتہ دار اور تیسری ڈگری تک کے سسرالی رشتہ دار بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس اقدام سے دور دراز خاندانوں کے لیے بھی کویت آمد ممکن بنائی گئی ہے۔

ایک اور بڑی تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ وزٹ پر آنے والوں کے لیے اب یہ لازم نہیں کہ وہ صرف کویت کی قومی ایئر لائن کے ذریعے سفر کریں۔ قائم مقام وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف کی ہدایت پر یہ پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے،جس کے بعد وزٹ ویزہ رکھنے والے افراد اب کسی بھی ایئر لائن یا زمینی و بحری راستے کے ذریعے کویت آ سکتے ہیں۔

کرنل الکندری نے وضاحت کی کہ یہ تمام تبدیلیاں خاندانی میل جول کو فروغ دینے اور ویزہ کے عمل کو مزید آسان اور انسان دوست بنانے کے وژن کا حصہ ہیں تاکہ کویت میں مقیم افراد اپنے پیاروں کے قریب رہ سکیں۔

Scroll to Top