سیلابی صورتحال، خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس آج11 بجے طلب

خیبرپختونخوا میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کریں گے۔

قومی اخبار(روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق اجلاس میں صوبے بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں، نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ساتھ ہی آئندہ کی حکمت عملی اور بچاؤ کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے’’جن شہریوں کے گھر مکمل طور پر تباہ یا بری طرح متاثر ہوئے ہیں، حکومت اُن کی دوبارہ تعمیر کرائے گی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب واقع دیہات کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

صوبائی حکومت نے متعلقہ محکموں کو ریسکیو، ریلیف کے عمل میں تیزی لانے اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

حکومت خیبرپختونخوا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 یا متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Scroll to Top