وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر صوبے کے تعلیمی نظام میں اہم اصلاحات کی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں سمر اور ونٹر زونز میں تعلیمی سال کو دو سمسٹروں یعنی Spring اور Fall میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ نظام نرسری سے جماعت ہشتم تک نافذ کیا جائے گا۔
نئے نظام کے مطابق سمر زون میں تعلیمی سال یکم ستمبر سے شروع ہوگا جہاں فال سمسٹر یکم ستمبر سے 31 دسمبر تک اور سپرنگ سمسٹر 16 جنوری سے 31 مئی تک جاری رہے گا۔
جبکہ ونٹر زون میں تعلیمی سال کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا، جس میں سپرنگ سمسٹر یکم مارچ سے 30 جون تک اور فال سمسٹر یکم اگست سے 22 دسمبر تک ہوگا۔
ہر سمسٹر کے لیے علیحدہ امتحانات منعقد کیے جائیں گے اور حتمی نتائج دونوں سمسٹروں کے امتحانات کو برابر کی اہمیت دیتے ہوئے تیار کیے جائیں گے۔
کتابوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے درسی مواد کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ طلبہ پر آسانی ہو۔
یہ بھی پڑھیں : ریلیف آپریشنز کے لیے خیبر پختونخوا میں مزید وسائل فراہم کیے گئے
چھٹیوں کا شیڈول دونوں زونز میں معمولی تبدیلیوں کے ساتھ برقرار رکھا جائے گا، تاہم تعطیلات کو تعلیمی مہمات، مفت کتابوں کی فراہمی، اساتذہ کی تربیت اور طلبہ کے لیے مختلف تعلیمی و فنی پروگرامز میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ اصلاحات موسمی حالات کے مطابق تعلیمی سال کے آغاز کو منظم کرنے اور طلبہ کو غیر نصابی سرگرمیوں اور فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔ اس اقدام سے تعلیمی وسائل کے مؤثر اور بہتر استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے دونوں زونز میں تعلیمی سال کے آغاز کے حوالے سے تفصیلی اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔





