ملاکنڈ کے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ ہمیشہ کے لیے دنیا سے رخصت ہو گئے

پشاور : خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ سے تعلق رکھنے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

چند روز قبل وہ اپنے بیٹے کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد انہیں پہلے پشاور اور پھر اسلام آباد کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس اندوہناک واقعے میں مفتی کفایت اللہ کا ایک بیٹا اور بیٹی موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ مفتی کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی تھیں۔ واقعے میں مزید دو بچے بھی زخمی ہوئے تھے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ جمعرات کی شب 10 بجے ظفر پارک بٹ خیلہ میں ادا کردیا گیا ، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور مقامی افراد کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مفتی کفایت اللہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی دعوتی، سیاسی اور جماعتی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔

یہ بھی پڑھیں : بیٹے کی فائرنگ سے جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللہ شدید زخمی ، بیٹا، بیٹی جاں بحق، اہلیہ زخمی

مفتی کفایت اللہ طویل عرصے سے جے یو آئی ملاکنڈ کی قیادت سے وابستہ تھے اور علاقے میں مذہبی، سماجی اور سیاسی سطح پر فعال کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی وفات سے جماعت ایک تجربہ کار اور سرگرم رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔

Scroll to Top