ترکی کی خاتونِ اول نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے عالمی امداد کی اپیل کردی

ترکی کی خاتونِ اول نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے عالمی امداد کی اپیل کردی

ترکی کی خاتونِ اول، محترمہ امینہ اردوان نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے متاثرین کیلئے فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ 2010 کے دورۂ پاکستان کے دوران سیلاب متاثرہ خاندانوں کے غم و الم کی عینی شاہد رہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُس وقت ترکی نے سب سے پہلے پاکستان کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھایا تھا، اور آج بھی ترک عوام کی دعائیں اور مکمل تعاون پاکستان کے ساتھ ہے۔

امینہ اردوان نے بتایا کہ ترک ریڈ کریسنٹ (کزلے) متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور ہنگامی بنیادوں پر صحت کی سہولیات، پناہ گاہوں، خوراک اور صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو میں جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ترکی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے ترکی کی اس ہمدردی اور امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے ہیں۔

Scroll to Top