پشاور: مون سون بارشوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے بعد خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھر میں ڈینگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ سیلاب کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ڈینگی وائرس کے پھیلنے کا خدشہ شدت اختیار کر گیا ہے۔
ضلع مردان کے علاقے بغدادہ میں ایک ہی گھر کے 8 افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد متعلقہ محکموں نے علاقے میں فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں اور قریبی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
صحت حکام کے مطابق سیلاب زدہ اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شبقدر میں بھکاریوں کی بھرمار، شہریوں کی زندگی اجیرن
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں، چھتوں، صحن، اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور پانی جمع نہ ہونے دیں۔ متاثرہ علاقوں میں فمیگیشن مہم شروع کرنے کی تیاری جاری ہے۔
محکمہ صحت مقامی حکومت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے۔





